(پاکستان تحریکِ انصاف، نیو ساؤتھ ویلز، سڈنی ،آسٹریلیا)
23 مارچ 2013ء بروز ہفتہ یومِ پاکستان کی تہترویں سالگرہ کے موقع پرپاکستان تحریکِ انصاف نیو ساؤتھ ویلز کے زیرِ اہتمام ایک رنگا رنگ ثقافتی پروگرام سڈنی، آسٹریلیا کے ” اورین فنکشن ہال” میں منعقد ہوا جس نے اپنی اعلیٰ کار کردگی سے ماضی کے تمام ریکارڈز پس ِ پشت ڈال دئیے .
سات سو سے زائد شرکائے محفل نے پاکستان تحریکِ انصاف کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر پاکستان کو بد عنوانی سے پاک کرنے کاعہد کیا اور پچاس ہزار آسٹریلین ڈالر ز کی خطیر رقم جمع کرکے تحریک کے ساتھ یک جہتی کا عملی ثبوت پیش کیا تاکہ پاکستان تحر یکِ انصاف مئی 2013ء کے الیکشن میں کامیاب ہوکر وطن ِ عزیزکو ملک دشمنوں سے نجات دلانے اور بدعنوانی کے چنگل سے آزاد کرانے میں سرُ خرو ہو سکے.
پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کے بعد حمد سرائی، آسٹریلیا و پاکستان کے قومی ترانے، یوم پاکستان کی اہمیت کے حوالے سے تقاریر، ثقافتی پروگرام، چیئر مین عمران خان کا ویڈیو پیغام ، تاریخِ پاکستان کے بارے معلوماتی سوالات اورپُر تکلف عشائیہ سے مہمانوں کی تواضع کی گئی.
سالک حمید خواجہ نے محترم انور مسعود کی نظم ” وہ ڈٹ سکتا ہے امریکہ کے آگے” پڑھی اور اُسکا انگریزی ترجمہ بھی پیش کیا. بعدازاں پاکستان تحریکِ انصاف نیو ساؤتھ ویلز کے صدر محمد وقاص بشیر نے پاکستان تحریکِ انصاف کے کارہائے نمایاں اور یوم ِ پاکستان کی اہمیت کی وضاحت کی اور” نیا پاکستان” کی اصطلاح کی تشریح کی . اُنھوں نے اِس امر پربھی زور دیا کہ پاکستان کی قسمت ہمارے اپنے ہاتھوں میں ہے اور اب چھیاسٹھ سالہ ظالمانہ دور سے نبرد آزما ہونے کا وقت آگیا ہے ، اگر یہ موقع ہم نے ضائع کر دیا تو شاید ہمیں دوسرا موقع کبھی نہ ملے . حاضرین کو ایک صاف اور بلند ٓواز میں یہ پیغام بھی دیا گیا کہ ہمیں یک جان ہو کر حصولِ مقاصد تک اِستعماری قوتوں کے خلاف نبرد آزما رہنا ہے.
نائب صدر محمد احمدنے اِختتامی تقریر میں حاضرین ِ محفل، مالی معاونین، رَضا کارانہ خدمات انجام دینے والوں ، منتظمین ، اور اُن سب خواتین و حضرات کا دِلی شکریہ ادا کیا جن کی اَ نتھک روز و شبانہ محنت نے اِس پروگرام کو کا میابی سے ہمکنار کرایا.پروگرام کی منصوبہ بندی کا عمل جنرل سیکرٹری عمران مرزا نے جبکہ مہمان نوازی کے فرائض سالک حمید خواجہ، فائزہ چیمہ اور قاضی عارفین نے انجام دئیے . لذیذ پکوان ہمالیہ رَیستوران والوں نے مہیا کئے جبکہ سڈنی میں مقیم پاکستانی گلوکار طارق محمود نے ملی نغموں سے حاضرین کو محظوظ کیا. بچوں اور بچیوں کی ملی نغموں پراسٹیج پرفارمنس بہت پسند کی گئی.
1 Comment
Comments are closed.