سڈنی (بروزہفتہ مورخہ ۳ جنوری): سڈنی کے علاقے لاکیمبا میں ہر سال کی طرح اسِ سال بھی روائتی جوش و خروش کے ساتھ جلسہ عید میلادلنبی برائے خواتین منعقد ہوا۔ اسِ پررُونق جلسہ میں قران خوانی،سیرت النبیؐ اور حمد و نعت و خوانی کی گئی ۔ محفل میں سڈنی کی مشہور خواتین نعت خواں صباح زاہد، سائمہ منور، فریدہ جویری، مریم رضا کے علاوہ کئی خواتین نے حصہ لیا۔ کئ کم سن بچوں نے بھی حمد اور نعت ِ رسولِ مقبول پڑھ کر محفل کو دوبالا کیا۔ ثروت حسن نے آسٹریلیا میں مسلمانوں بالخصوص خواتین کی معاشرتی و اسلامی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ جلسہ عید میلادلنبی کی اسِ محفل میں اسِ سال خاص بات یہ تھی کہ اسِ میں مختلف اسلامی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے اپنے بچوں کے ساتھ دوردراز کے علاقوں سے آکر شرکت کی اور سرکارِ دو عالم حضرت محمد مصطفیؐ سے اپنی عقیدت کا بھرپور نمونہ پیش کیا۔
ثروت حسن نے آسٹریلیا میں حلال گوشت و اشیا پر کچھ غیر اسلامی حلقوں کی جانب سے پابندیوں کی مہم کے بارے میں حاضرین محفل کوآگاہ کیا اور اعلان کیا کہ حلال گوشت ، حلال ضرورتِ زندگی کی اشیا اور سروسز کی مقبولیت اور انُ کو عام کرنے کے سلسلے میں ایک بہت بڑے حلال فوڈ فیسٹیول (ایگزیبیشن) کا اہتمام مورخہ بارہ اپریل بروز اتوار کو فئیر فیلڈ شو گرائونڈ میں کیا جا رہا ہے جس کی تفصیل اسِ حلال فیسٹیول پروگرام کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئیں ہیں۔ ثروت حسن نے تمام اسلامی کمیونٹی کے افراد بالخصوص خواتین سے درخواست کی کہ اسِ حلال فوڈ فیسٹیول کو کامیاب بنانا تمام مسلمانوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
عید میلادلنبی کے اسِ جلسہ کی کی ناظم ثریا حسن نے محفل سے خطاب کرتے ہوئے انُ تمام افراد اور اور انجمنوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے پروگرام کے انعقاد میں تعاون کیا ، انہوں نے بطور خاص انُ کی انتظامیہ ٹیم اور اسلامی ایسوسی ایشن بلیک ٹائون کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔ عید میلادلنبی برائے خواتین کے اسِ جلسہ میں طعام کا بھی انتظام کی گیا تھا۔