سرینگر (ساوتھ ایشین وائر) تحریک آزادی کشمیر کو دنیا کے سامنے پیش کرنے اوربھارتی جارحیت سے آگاہ رکھنے کے لیے ایک نئے شارٹ ویو ریڈیو اسٹیشن کا آغاز کیا گیا ہے۔ترکی سے تعلق رکھنے والے ریڈیو کے ترجمان ڈاکٹر فرحان مجاہد چک نے ساوتھ ایشین وائر کو بتایا کہ ہم ، کشمیر پر بھارتی قبضے کا مقابلہ کرنے کے لئے اسٹریٹجک ، ٹھوس اور بامقصد کوششیں کررہے ہیں۔ ہماری تنظیم کانفرنسوں ، سیمینارز ، لیکچرز کے ساتھ ساتھ تعلیمی اقدامات / تحریر کے ذریعہ شہری مزاحمت اور نافرمانی کے پرامن طریقوں ، سیاسی لابنگ اور شعور بیدار کرنے پر یقین رکھتی ہے تاکہ ہندوستان کے آباد کار نوآبادیاتی منصوبے کو چیلنج کیا جاسکے۔ اس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارتی تسلط کی غیر قانونی ، غیر اخلاقی اور نوآبادیاتی رٹ کوختم کرنا ہے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ڈاکٹر فرحان مجاہد چک قطر یونیورسٹی میں بین الاقوامی امور کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ہیں۔ ان کی کتاب ، ‘اسلام اور پاکستان کی سیاسی ثقافت’ کے نام سے شائع ہو چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری تحریک کشمیری نوجوانوں سے وابستہ دنیا کے متعدد شہروں میں موجودہے ۔ ہمارا مقصد کشمیر میں مشترکہ مزاحمتی قیادت (جے آر ایل)کی حمایت کرنا ہے۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ریڈیو آزادی کشمیرشارٹ ویو41 میٹر بینڈ پر کے ایچ زید 7355 پر دستیاب ہے ۔