کرونا وائرس سے وابسطہ ملی جلی خبریں

کووڈ۔ 19 اعصابی نظام کو بھی متاثر کرتا ہے، خوشبو، مزہ پہچاننے کی صلاحیت ختم ہوجاتی ہے

اسلام آباد(ساوتھ ایشین وائر)کورونا وائرس (کووڈ19) انفیکشن آدمی کےاعصابی نظام کو بھی متاثر کرتا ہے جس سے اس کی خوشبو اور مزہ پہچاننے کی صلاحیت بھی ختم ہوجاتی ہے۔انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی)، جودھپور کے ایک نئے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ کورونا مریض کے مرکزی اعصابی نظام کو متاثر کرتا ہے۔ ا س سے اسے خوشبو اور مزہ کی پہچان نہیں رہ جاتی۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ادارہ کے سائنسداں ڈاکٹر سرجیت گھوش نے بتایا کہ کورونا وائرس جس میں موجود انزائم ’ایچ پی سی ای 2‘ سے ہوکر جسم میں پہنچتا ہے۔ یہ انزائم تقریباًً تمام انسانی اعضا میں پایا جاتا ہے۔ دماغ میں بھی یہ انزائم پایا جاتا ہے۔ اس لئے ناک اور منہ کے راستے ’ایچ پی سی ای 2‘ کے رابطہ میں آنے کے بعد وائرس دماغ کے اگلے حصہ میں واقع آل فیکٹری بلب تک پہنچ جا تاہے۔جو خوشبو کی پہچان نہیں کرسکتا۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق پاکستان کی ایک ماہر پروفیسر عظمی خورشید کا اس بارے میں کہنا ہے کہ آل فیکٹری بلب کے میوکوسا کی نسیں اندر ہی اندر ناک کے اوپر سے ہوکر گلے تک آتی ہیں۔ خوشبو کی پہچان کا کام آل فیکٹری بلب ہی کرتا ہے۔ اس لئے جب وائرس اسے نقصان پہنچاتا ہے تو مریض کی خوشبو پہچاننے کی صلاحیت ختم ہوجاتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
برطانیہ، جارح حکومتوں کو ہتھیار فراہم کرنے والا بڑا ملک

لندن(ساوتھ ایشین وائر)برطانیہ نے دنیا کی حکومتوں کے لئے اسلحے کی سپلائی تیز تر کر دی ہے۔برطانوی سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ سن دو ہزار انّیس میں حکومت برطانیہ نے دنیا کی جارح حکومتوں کو دو ہزار اٹھارہ کے مقابلے میں ایک ارب پاؤنڈ مالیت کے زیادہ ہتھیار فروخت کئے ہیں۔
حکومت برطانیہ کی جانب سے جارح حکومتوں کے لئے ہتھیاروں کی فروخت میں اس طرح کے اضافے پر اسلحہ کنٹرول کی حامی تنظیموں نے کڑی تنقید کی ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ حکومت برطانیہ کی نظر میں انسانی حقوق پر بھی قومی مفادات کو ترجیح حاصل ہے۔
دو ہزار انّیس میں برطانیہ نے دنیا کی جارح حکومتوں کو تین ارب پاؤنڈ کے ہتھیار فروخت کئے تھے اور سب سے زیادہ اسلحے کی سپلائی سعودی عرب کو کی گئی جس نے برطانیہ اور امریکہ سے خریدے گئے ہتھیاروں کو یمن کےعوام کے خلاف استعمال کیا اور نتیجے میں اب تک ہزاروں عام شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں لاکھ بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کورونا وائرس: پاکستان میں لاک ڈاون پر فوج – حکومت میں ٹکراو
عمران خان کی کرسی پر لٹکی تلوار

اسلام آباد(ساوتھ ایشین وائر)پاکستان بھی کورونا وائرس وبا کا سامنا کر رہا ہے۔ اوراس وائرس سے لڑنے کے لئے فوج اور حکومت الگ الگ راستہ اختیار کرتی ہوئی نظر آرہی ہے۔پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نےکہا تھا کہ وہ کووڈ-19 کا مقابلہ کرنے کے لئے ملک میں لاک ڈاون نہیں لگائیں گے۔ 22 مارچ کو پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے قوم کو بتایا کہ ان کی حکومت لاک ڈاون نہیں کرے گی۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ان کا موقف تھا کہ اس سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہوجائیں گے اور اہل خانہ کو کھانےکےلئے مناسب کھانا نہیں ملے گا۔ اس کے بعد کورونا وائرس بحران پر فیصلہ کن کارروائی کرنے یا معاملوں کے پھیلنے سے روکنے کی کوشش میں لاک ڈاون نہ کرنے کے بعد عمران خان کو پاکستان کی طاقتور فوج نے انہیں ایک طرف کردیا۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے اعلان کے بعد 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے اعلان کیا کہ فوج ملک میں انفیکشن کو پھیلنے سے روکنے کےلئےلاک ڈاون اپنے ہاتھ میں لےگی۔ اس کے بعد فوج نے پورے پاکستان میں فوجیوں کو تعینات کردیا ہے اور قومی کورکمیٹی کے ذریعہ کورونا وائرس کےلئےلاک ڈاون پر عمل کرارہی ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق قومی کور کمیٹی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مابین رابطہ پالیسی قائم کرتی ہے۔ وہیں پاکستان فوج کے جنرلوں نے کووڈ-19 بحران کو عمران خان کے فیصلے سے الگ اپنی صلاحیت ثابت کرنےکے موقع کے طور پر دیکھا۔ایک ریٹائرڈ جنرل نےکہا ’حکومت نےکورونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں جگہ خالی چھوڑدی۔ اب اس جگہ کو فوج نے بھرنےکی کوشش کی ہے، کوئی متبادل نہیں تھا‘۔ ماہرین کا کہنا ہےکہ کورونا وائرس کا مقابلہ کرنےکےلئے فوج کا آگے آنا، عمران خان کی ایک اور پالیسی میں ناکامی کی ایک مثال یہ ہے۔ انہوں نےکشمیر مسئلےکا حل تلاش کرنےکےلئے بین الاقوامی برادری کی توجہ مبذول کرانےکےلئےکوشش کی اور دہشت گردی کی پرورش کے موضوع پر ایف اے ٹی ایف کو منانے میں ناکام رہے، جس فوج نے سال 2018 میں اقتدار میں آنے کےلئے عمران خان کی مدد کی تھی، اب وہ تعلقات خراب ہوتے نظرآرہے ہیں۔فرنٹ لائن کی ایک رپورٹ کے مطابق اپوزیشن پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نفیسہ شاہ نےکہا کہ ’ایمرجنسی کے وقت میں کسی کو فیصلہ لینا ہوتا ہے۔ پوری دنیا مضبوط لاک ڈاون کا مشورہ دے رہی ہے۔ اگر وزیراعظم یہ نہیں کرتے ہیں جبکہ وہی فیصلہ لینے والے ہیں، تو ایسے میں کوئی اور یہ کرےگا’۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق جمعہ کو پاکستان میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن کو دو ہفتے کےلئے مزید بڑھا دیا۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں خطرناک وائرس سے متاثر لوگوں کی تعداد بڑھ کر12000سے زیادہ ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس کے کل کیسزمیں تقریباً 79 فیصد معاملے مقامی متاثرین کے ہیں۔
پلاننگ وزیر اسد عمر نےکہا، ’یہ فیصلہ کیا گیا ہےکہ موجودہ وقت میں نافذ پابندی 9 مئی تک جاری رہیں گے’۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ہوئی قومی کورکمیٹی کی میٹنگ میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ وہیں اس کے آئندہ روز ہفتہ کو عمران خان ایک بار پھر’مکمل لاک ڈاون’ کی مخالفت کرتے ہوئےکہا کہ اس سے غریب لوگ بری طرح سے متاثر ہوں گے۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق پاکستان میں گزشتہ ہفتہ علمائےکرام کے دباو کے بعد حکومت نے رمضان کے دوران مساجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت دے دی تھی۔ ملک میں کورونا وائرس سے اب تک تقریباً 12000لوگ متاثر ہوچکے ہیں۔ ہفتہ کو 785 اور لوگوں میں انفیکشن کی تصدیق کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کی کل تعداد بڑھ کر 11940ہوگئی۔ قومی صحت کی خدمات کی وزارت نے کہا ہےکہ اس دوران مزید 16 لوگوں کی موت کے ساتھ جاں بحق افرادکی تعداد 253 ہوگئی، جبکہ 2,755 لوگ انفیکشن سے آزاد ہوچکے ہیں۔ احکامات پر عمل کرنےکی شرط پر لوگوں کو مسجدوں میں نماز ادا کرنےکی اجازت دی گئی تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جنوبی یمن، عرب امارات کے حامی گروہ نے عدن میں سرکاری املاک پر قبضہ کرلیا

عدن(ساوتھ ایشین وائر) یمن کے جنوب میں واقع اہم صوبے میں سعودی عرب کے حامی مستعفی صدر منصور ہادی اور متحدہ عرب امارات کے حامی کونسل برائے انتقال اقتدار کے درمیان کئی مہینے کشیدگی کے بعد حالات انتہائی نازک رخ اختیار کرگئے ہیں۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق جنوبی کونسل کے کارندوں نے شہر میں اہم سرکاری عمارتوں اور اداروں پر قبضہ کرلیا ہے۔جنوبی کونسل سے وابستہ مسلح بریگیڈ العاصفہ کے کمانڈر اوسان العنشلی نے اعلان کیا ہے کہ ان کے ماتحت دستوں نے کونسل کی اعلی قیادت کی ہدایت پر منصور ہادی کے عارضٰ دارالحکومت عدن میں سرکاری اہم مقامات بینکوں، بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔العنشلی نے مزید کہا کہ منصور ہادی یمن کے ایک ناکام حکمران تھے جنہوں نے عوام کے لئے بدبختی اور غربت کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے جنوبی کونسل نے صوبے کے انتظامی امور اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق جنوبی  کونسل نے عدن سمیت جنوب کے دیگر صوبوں میں ہنگامی نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خودمختاری کا دعوی کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سعودی عرب میں کوڑے مارنے کی سزا ختم

ریاض (ساوتھ ایشین وائر) انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے سعودی عرب میں کوڑے مانے کی سزا ختم کی جا رہی ہے۔ ساوتھ ایشین وائر نے اعلیٰ سعودی عدالت کے دستاویز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ ماہ رمضان میں ہی سپریم کورٹ کے جنرل کمیشن کے متعلقہ عزم کے تحت کوڑے مارنے کی سزا کو قید یا جرمانے یا دونوں میں بدل دیا جائے گا۔سعودی عرب انسانی حقوق کی پامالیوں کو ختم کرنے کے لئے متعلقہ اصلاحات کا دائرہ وسیع تر کر رہا پے۔ یہ انقلابی تبدیلیاں سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی ہدایت کے مطابق اور ولی عہد محمد بن سلمان کی براہ راست نگرانی میں لائی جا رہی ہیں۔ سعودی عرب میں ابھی تک ایک سے زیادہ خطاؤں کی سزا میں مجرموں کو کوڑے لگائے جاتے تھے۔ عدالتوں میں جج اپنے طور پر ہی اسلامی تعلیمات کے مطابق مجرمان کو سزا سنا دیا کرتے تھے۔
انسانی حقوق کی پامالیوں پر نظر رکھنے والے اداروں نے ایسے کئی مقدمات پر اعتراض کیا تھا جن میں کسی کو ہراساں اور سرعام نشہ کرنے سمیت کئی جرائم میں مجرمان کو کوڑوں کی سزا سنائی گئی تھی۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق سعودی حکومت کی تائید سے سرگرم عمل ہونے والے انسانی حقوق کمیشن (ایچ آر سی) کے سربراہ عواد العواد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ‘یہ اصلاح سعودی عرب کے انسانی حقوق کے ایجنڈے میں ایک یادگار قدم ثابت ہو گی۔ ملک میں حال ہی میں کئی اصلاحات کے قدم اٹھائے گئے ہیں۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق انسانی حقوق واچ کے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈم کوگلے نے اسے خوش آئند تبدیلی پر محمول کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں غیر منصفانہ عدالتی نظام میں اصلاحات کی راہ اب پوری طرح ہموار ہو گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کرونا وائرس سے صحت یاب مرد تولیدی قوت سے محروم ہوچکے ہوتے ہیں،چین میں انکشاف

بیجنگ(ساوتھ ایشین وائر ) کرونا وائرس کے انسانی زندگیوں پر تباہ کن اثرات سامنے آرہے ہیں۔ اور اب ایک عجیب و غریب رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں وائرس کے مردوں کے تولیدی نظام پر اثر دیکھا گیا ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق اس حوالے سے چینی ماہرین کی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس مردانہ قوت پر اثر انداز ہوتا ہے اور مرد اپنی جنسی صلاحیتوں سے محروم ہو کر مردانہ کمزوری کا شکار ہو سکتے ہیں۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس خصیوں کے ان حصوں کو نقصان پہناچاتا ہے جو مردانہ مادہ منویہ بناتے ہیں۔ اس نقصان کے بعد سے مرد اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت سے محروم ہوجاتے ہیں۔ جبکہ یہ وائرس مردانہ عضو خاص کے جنسی عمل میں مخصوص حالت کو بھی متاثر کرتا ہے۔ اس تحقیق میں ایسے تمام مردوں کو تنبیہہ کی گئی ہے جو کرونا سے صحت یاب ہوئے کہ وہ اپنا سیمن اینڈ سپرم ٹیسٹ کرائیں۔ تاہم اس تحقیق پر دنیا بھر کے سائنسدانوں کی جانب سے سخت تنقید بھی ہو رہی ہے۔ اور اب یہ تحقیق چینی سائنسدانوں کی جانب سے نظر ثانی کے عمل میں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بغیر منصوبہ بندی کے ساتھ لاک ڈاؤن کے سبب کروڑوں ملازمتیں ختم

نئی دہلی (ساوتھ ایشین وائر) کورونا وائرس انفیکشن پر قابو پانے کے لیے پی ایم مودی کے ذریعہ کیے گئے لاک ڈاؤن پر کانگریس نے سوال اٹھا دیا ہے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق مرکز کی مودی حکومت پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کانگریس نے کہا ہے کہ بغیر سوچے سمجھے اور بغیر منصوبہ بنائے فیصلہ لینے سے نقصان صرف معاشی نہیں ہوتا ہے۔ کانگریس نے کہا کہ جس طرح بغیر منصوبہ کے نوٹ بندی کی گئی تھی اسی طرح بغیر منصوبہ کے لاک ڈاؤن کرنے کی وجہ سے کروڑوں لوگوں کی ملازمتیں چلی گئی ہیں اور آنے والے وقت میں مزید کروڑوں ملازمتیں جانے کا خطرہ ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اس مرتبہ رمضان میں پہلے زیادہ عبادت کریں: مودی

نئی دہلی (ساوتھ ایشین وائر)وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ‘من کی بات میں کہا کہ رواں برس رمضان کے مہینے میں زیادہ سے زیادہ عبادت کریں تاکہ عید سے پہلے ہی کورونا وائرس کا خاتمہ ہو۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق نریندر مودی نے کہا کہ ‘رمضان کا مقدس مہینہ شروع ہو چکا ہے اور گزشتہ برس کسی نے بھی نہیں سوچا ہوگا کہ اس بار اس ماہ میں کورونا وائرس نامی اتنی بڑی مصیبت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ہم پہلے سے زیادہ عبادت کریں تا کہ عید آنے سے پہلے کورونا وائرس دنیا سے ختم ہو جائے اور ہم پہلے کی طرح جوش و خروش کے ساتھ عید منائیں۔نریندر مودی نے کہا کہ ‘مجھے بھروسہ ہے کہ رمضان کے اس مہینے میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ لاک ڈاؤن کی ہدایات پر عمل کر کے کورونا کے خلاف جاری اس لڑائی کو ہم مزید مضبوط کر سکیں۔سڑکوں پر، بازاروں میں اور محلوں میں جسمانی دوری کو بنائے رکھنے کی پوری کوشش کریں۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق انہوں نے کہا کہ ‘میں ان سبھی مذہبی رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو سماجی دوری اور گھروں سے باہر نا نکلنے کے لیے لوگوں میں بیداری پیدا کر رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وکیل کے بنیان پہن کرآن لائن حاضر ہونے پر جج شدید برہم، سماعت ملتوی

جے پور (ساوتھ ایشین وائر)  بھارت میں کوویڈ۔ 19 کے پیش نظر عوام کو گھروں پر رہنے کی ہدایت دی جارہی ہے اور جو ملازمین انٹرنیٹ کے ذریعہ سے کام کرسکتے ہیں انہیں کام کرنے کی اجازت ہے۔لاک ڈاؤن کی وجہ سے عدالتوں کوبھی بند کردیا گیا ہے صرف انتہائی اہم معاملات کی آن لائن سماعت کی جارہی ہے۔ تاہم اس دوران بھی عدالتی قواعد و ضوابط پرسختی سے عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق اسی سلسلہ میں ہائی کورٹ کے ایک وکیل اپنے گھر سے آن لائن ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ کسی کیس کے سلسلہ میں بنیان پہن کر جج کے سامنے حاضر ہوا جس پر ہائی کورٹ کے جج برہم ہوگئے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق درخواست ضمانت کی سماعت کرنے والے راجستھان ہائی کورٹ کے جئے پور بنچ کے جسٹس سنجیو پرکاش شرما نے نے وکیل کے نامناسب لباس او ر ایڈوکیٹ یونیفارم زیب تن نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا جس پرجج نے وکیل کے نامناسب لباس پہننے پر درخواست ضمانت کی سماعت کو 5 مئی تک ملتوی کردی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فیصل آباد یونیورسٹی کے سائنسدانوں کا کارنامہ
بیجوں کو محفوظ کرنے کے لئے نئی ٹیکنالوجی

فیصل آباد (ساوتھ ایشین وائر)  یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے سائنسدانوں نے ہرمٹک ٹیکنالوجی دریافت کی ہے جو بغیر کسی بنیادی ڈھانچے کے کاشتکاری برادری کے لئے بیجوں کے معیار کے تحفظ میں مددگار ہے۔ اسے سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے متعارف کروایا ہے جس کی سربراہی ڈاکٹر عرفان افضل نے کی۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق یونیورسٹی کے ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کو کمرشلائز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ایف بیجوں اور اناج کے تحفظ کے لئے ہرمیٹک اسٹوریج ٹیکنالوجی پر مہارت فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے روایتی بیگ میں بیج ذخیرہ کیے جارہے ہیں جو نمی ، آکسیجن اور کیڑوں کے خلاف مدافعت فراہم نہیں کر سکتے ۔جس سے بیج اور اناج خراب ہوتاہے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق انہوں نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی سے آکسیجن اور نمی کے خلاف مزاحمت میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر عرفان افضل نے بتایا کہ وہ ایک سال سے کم قیمت میں ہرمیٹک ڈرم اور بیگ فراہم کررہے ہیں جو اناج کو بیرونی آکسیجن اور نمی کے ساتھ ساتھ کیڑے اور بیماری سے بچاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ تھیلوں کے تحت 50 کلوگرام بیج محفوظ کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناقص بیج کی کوالٹی کی وجہ سے ملک کو زراعت کے شعبے میں اربوں روپے کے نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Recommended For You

About the Author: Tribune